ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ٹرمپ نے توہینِ عدالت کے مجرم کو معاف کر دیا

ٹرمپ نے توہینِ عدالت کے مجرم کو معاف کر دیا

Sat, 26 Aug 2017 18:15:53  SO Admin   S.O. News Service

واشنگٹن،26اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست ایریزونا کے شیرف جو آرپائیو کو معاف کر دیا ہے ان پر توہینِ عدالت کا الزام تھا۔85سالہ آرپائیو کو اس وقت مجرم قرار دیا گیا تھا جب انھوں نے مشتبہ تارکینِ وطن کی نگرانی کرنے کے عدالتی حکم کو نظرانداز کر دیا تھا۔ انھیں اکتوبر میں سزا سنائی جانی تھی۔صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آرپائیو نے کہا کہ انھیں وزارتِ انصاف میں صدر اوباما کے دور کی باقیات کی جانب سے سیاسی طور پر نشانہ بنایا گیا تھا۔
انھوں نے ٹویٹ کیا:شکریہ۔۔۔ میرے خلاف فیصلے کو سمجھنے کے لیے۔انھوں نے کہا کہ میں کہیں نہیں جا رہا، تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ وہ آئندہ شیرف کا انتخاب لڑیں گے یا نہیں۔ٹرمپ پہلے کئی بار آرپائیو کی تعریفیں کر چکے ہیں جو تارکینِ وطن کے خلاف سخت اور متنازع موقف کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔آرپائیو سنہ 2016میں صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران کئی بار نظر آتے رہے ہیں۔صدر ٹرمپ نے معافی کے بیان میں لکھا کہ آرپائیو کی زندگی اور کریئر 18برس کی عمر میں شروع ہوئے جب انھوں نے کوریا کی جنگ شروع ہونے کے بعد فوج میں شمولیت اختیار کی۔ شیرف کی حیثیت سے آرپائیو نے عوام کو جرم اور غیر قانونی تارکینِ وطن سے بچانے کے لیے خدمات سرانجام دیں۔
اب جب کہ ان کی عمر 85برس ہے، ہماری قومی کی 50برس تک قابلِ قدر خدمت کرنے کے بعد وہ صدارتی معافی کے لیے مستحق امیدوار ہیں۔جو آرپائیو کا نام اس وقت خبروں میں آنا شروع ہو گیا تھا جب انھوں نے ہسپانوی نژاد افراد کے علاقوں میں چھاپے مارنا اور غیر قانونی تارکینِ وطن کے شبے میں ہسپانوی بولنے والوں کی پکڑ دھکڑ شروع کی تھی۔تاہم انھیں سنہ 2011میں جاری کردہ ایک حکم کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔انھیں اکتوبر میں چھ ماہ کی سزا ہو سکتی تھی۔


Share: